Galiyat Ki Pehli Bike Ride

 گلیات کی طرف پہلی بائک رائيڈ 




06-09-2024

جمعرات کی صبح صادق کے وقت اٹھا۔نماز فجر ادا کرنے کے بعد اپنی بائیک کو سٹارٹ کیا
بیگ اُٹھایا اور اپنے والد صاحب کے ساتھ منڈی بہاوالدین سے  پر سکون رائیڈ کرتا ہوا 1 گھنٹے بعد جہلم پہنچ گیا۔جہلم سے جی ٹی روڈ کو جوائن کیا اور اسلام آباد کی جانب رائیڈ شروع کر دی۔
تقریبا 10:30 بجے تک اسلام آباد پہنچ گئے ضروری کام سے دپہر 12:30 تک فری ہو گئے تو ظہر کی نماز ادا کرنے فیصل مسجد چلے گئے۔ فیصل مسجد پہنچتے ہی بارش شروع ہو گئی جو ڈیڑھ گھنتے تک لگاتار ہوتی رہی اور پھر آہستہ ہو کر 1:45 تک مکمل رک گئی۔اتنے میں ہم نے نماز ادا کر لی اور دن 2
 بجے وہاں سے ملکہ کوہسارمری کا سفر شروع کردیا۔

بھارہ کہو بائپاس کرنے کے بعد مری ایکسپریس وے (کشمیر روڈ) سے ہوتا ہوّا بے لگام گھوڑے کی طرح جگہ جگہ تصویریں اور ویڈیو بناتا نیو مری پٹریاٹا چیئر لفٹ پہنچ گیا۔

چیئر لفٹ کیلئے ٹکٹ خریدا تو پتہ چلا کہ کیبل کار بند ہے صرف چیئر لفٹ کا ٹکٹ ملا جو تھا 1000 روپے کا جبکہ کیبل کار کے ساتھ 1500 کا تھا۔

ایک گھنٹے بعد غروب آفتاب ہونے والا تھا اسلئے ہم جلدی سے چیئر لفٹ پہ سوار ہوگئے اور 20 منٹ کی پرسکون رائیڈ کو خوب انجوائے کیا۔اگلے پوائنٹ پہ اترے جہاں سے کیبل کار شروع ہوتی ہے۔10 منٹ وہاں گزارے اتنے میں سورج پہاڑوں کے پیچھے جانے لگا اور ہم بھی واپس نیچے آ گئے۔

پارکنگ سے بائک نکالی اور مال روڈ کی طرف رخ کر دیا۔فل اندھیرا ہو چکا تھا اور سردی بھی بڑھ گئی۔
تیس منٹ کی بائک رائڈ کے بعد ہم پہنچ گئے مال روڈ۔بائیک پارک کی اور مال روڈ پہ واقع ہوٹل میں روم لیا جو کافی بحث کے بعد بھی پانچ ہزار میں ملا۔
کمرے میں داخل ہوئے سامان رکھا اور 15 منٹ کے آرام کے بعد باہر مال روڈ نکل گئے۔قریب ہی بیف پلاو سے پلاو کھایا جو بس ٹھیک ہی تھا۔اسکے بعد مال روڈ پہ پیدل واک شروع کر دی کچھ آگے جا کر گرم قہوہ پیا جو ایک چھوٹا بچہ روڈ کنارے بیٹھا بیچ رہا تھا۔ یہاں سے فارغ ہوئے تو مزید آگے چل دیئے۔

مختلف اقسام کی دکانیں وزٹ کی کچھ چیزیں بھی خریدیں گفٹ وغیرہ۔
تقریبا 1 گھنٹہ سے زیادہ ٹائم ہو گیا تھا ہمیں مال روڈ گھومتے۔سارے دن کا بائک کا سفر کرنے سے ابو جی کی طبعیت کچھ خراب ہونے لگی تو ہم واپس ہوٹل کی جانب چل دئے۔ ابو جی کو ہوٹل میں بھیج کر میں جی پی او چوک کی طرف جانے لگا۔جمعہ کا دن تھا اور ویک اینڈ شروع تھا جو لوگ صبح سے گلیات کی جانب گئے ہوئے تھے وہ اب مری کو آ رہے تھے اس لئے مال روڈ پہ لوگوں کا رش بڑھنے لگا اور اچھا خاصا ہجوم جی پی او چوک میں لگا ہوا تھا۔

میں آرام سے جا کر جی پی او کی سیڑھیوں پہ بیٹھ گیا اور کچھ دیر کیلئے خود کو ہر سوچ ہر چیز سے آزاد کر کے دماغ کو پر سکون کر دیا۔ تقریبا 45 منٹ تک یوں ہی رہا جس وجہ سے مجھے نیند آنے لگی تو میں اُٹھ کے ہلکی پھلکی واک شروع کر دی اور واپس کمرے کو چل دیا کیونکہ ہمارا اگلے دن کا سفر زیادہ تھا۔
کمرے میں گیا تو ابو سو چکے تھے میرا پلنگ بالکنی کی کھڑکی کے ساتھ تھا تو میں نے کھڑکی کھول دی سردی تو تھی مگر میں اس موسم کو انجوائے کرنا چاہتا تھا۔بیڈ پہ لیٹا اور دن بھر بنانے والی ویڈیوز اور تصاویر دیکھنے لگا۔ کھڑکی سے ٹھنڈی ہوا اندر آ رہی تھی اور اسی ہوا کی وجہ سے میری آنکھ لگ گئی قریب ڈیڑھ گھنٹے سونے کے بعد ایک شور کے ساتھ میں اُٹھا اور وہ شور بارش کا تھا۔ 

بالکنی کی کھڑکی کھلی تھی اور تیز ہوا کی وجہ سے پردہ مسلسل ہل رہا تھا۔بیڈ سے اُٹھا اور باہر دیکھا تو تیز بارش ہو رہی تھی اور نیچے مال روڈ پہ کچھ ٹورسٹ اپنی گاڑیوں کے پاس کھڑے تھے لگ رہا تھا کہ کہیں دور سے آئے ہوں اور ابھی مری پہنچے ہیں۔
میں بالکنی میں موجود چیئر پہ بیٹھ گیا۔نیند غائب ہو چکی تھی اور اب رات کے اس موسم کو انجوائے کرنا چاہتا تھا اور میں نے تقریبا تین گھنٹے وہیں بیٹھ کر گزارے اسی اسنا میں فجر کی آذان شروع ہو چکی تھی اور جو ریسٹورنٹ ساری رات کے کھلے تھے وہاں سے اب پراٹھوں کی خوشبو آنے لگی. میں ایک دفعہ پھر بیڈ پہ جا کر نیند کی آغوش پہنچ چکا تھا بارش مسلسل ہو ری تھی۔

۔۔۔۔۔شب بخیر۔۔۔۔۔

Watch My Video Part-1👇🏽👇🏽👇🏽👇🏽

Travel to Murree on Motor Bike

https://youtu.be/ZYUT24a5_Q4?si=DoRU6FtpNxbC0AY_

تبصرے